این ویڈیا کا اوپن اے آئی میں 100 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان

منگل 23 ستمبر 2025 14:28

این ویڈیا کا اوپن اے آئی میں 100 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) امریکی چپ ساز کمپنی این ویڈیا (Nvidia) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اوپن اے آئی (OpenAI) میں 100 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گی اور اسے ڈیٹا سینٹر چپس فراہم کرے گی۔ رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ ڈیل دو الگ لیکن باہم جڑی ہوئی ٹرانزیکشنز پر مشتمل ہوگی، این ویڈیا اوپن اے آئی میں نان ووٹنگ شیئرز میں سرمایہ کاری کرے گی جبکہ اوپن اے آئی اسی رقم سے این ویڈیا کے چپس خریدے گی۔

اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے کہاکہ سب کچھ کمپیوٹ سے شروع ہوتا ہے، کمپیوٹ انفراسٹرکچر مستقبل کی معیشت کی بنیاد ہوگا اور ہم این ویڈیا کے ساتھ مل کر نئی اے آئی کامیابیاں حاصل کریں گے اور لوگوں و کاروباروں کو بڑے پیمانے پر ان سے مستفید کریں گے۔

(جاری ہے)

دونوں کمپنیوں نے 10 گیگاواٹ این ویڈیا سسٹمز اوپن اے آئی کے لئے نصب کرنے کا ابتدائی معاہدہ کیا ہے، اس توانائی کی کھپت کا اندازہ 80 لاکھ امریکی گھروں کی بجلی کی ضروریات کے برابر ہے۔

معاہدے کے تحت این ویڈیا ابتدائی طور پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور 2026 کے آخر تک ہارڈویئر کی فراہمی شروع کرے گی۔ پہلا گیگاواٹ کمپیوٹنگ پاور اسی سال کے دوسرے نصف میں نئے پلیٹ فارم ویرا روبن کے ذریعے دستیاب ہوگا۔ این ویڈیا کے سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد اس کے حصص 4.4 فیصد اضافہ ہو کر ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے۔ ڈیٹا سینٹر بنانے والی کمپنی اوریکل کے حصص میں بھی 6 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

تجزیہ کاروں نے کہا کہ یہ ڈیل این ویڈیا کے لئے مثبت ہے لیکن یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ سرمایہ کاری کی رقم بالآخر اسی کے چپس خریدنے پر واپس آ سکتی ہے جسے "سرکلر" انویسٹمنٹ کہا جا رہا ہے۔اوپن اے آئی خود بھی گوگل اور ایمیزون کی طرح اپنی سستی اے آئی چپس تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے وہ براڈکوم اور ٹی ایس ایم سی کے ساتھ شراکت میں ہے۔