ناجائز تعلقات کا شبہ، شوہر نے سوتیلی بیٹی کے سامنے بیوی کو قتل کردیا

منگل 23 ستمبر 2025 22:21

ناجائز تعلقات کا شبہ، شوہر نے سوتیلی بیٹی کے سامنے بیوی کو قتل کردیا
بنگلورو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2025ء)بھارتی شہر بنگلورو میں شوہر نے ناجائز تعلقات کے شبے میں اپنی بیوی کو بیٹی کے سامنے چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار بھی کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ ریکھا اور اس کا شوہر لوہتاشوا کچھ عرصے سے ساتھ رہ رہے تھے اور تین ماہ قبل ہی ایک مندر میں شادی کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریکھا اور لوہتاشوا کی یہ دوسری شادی تھی، ریکھا نے پہلے شوہر سے علیحدگی لے رکھی تھی جبکہ لوہتاشوا طلاق یافتہ تھا۔مقتول خاتون ریکھا کے ساتھ اس کی بڑی بیٹی رہ رہی تھی جبکہ چھوٹی والی اِن کی والدہ (نانی) کے پاس تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریکھا نے شادی کے بعد لوہتاشوا کو ایک کال سینٹر میں ڈرائیور کی نوکری دلوائی تھی جہاں وہ خود بھی کام کرتی تھی تاہم ملزم کو بیوی پر ناجائز تعلقات کا شبہ تھا جس پر اکثر وہ جھگڑا بھی کرتا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق منگل کی صبح جب ریکھا اپنی بیٹی کے ساتھ بس اسٹاپ پر کھڑی تھی تو لوہتاشوا نے اچانک چاقو سے بیوی پر حملہ کردیا اور لگاتار کئی وار کیے، شدید زخمی حالت میں ریکھا کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا مگر پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔