ْامریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی ٹل گئی، ٹرمپ کا چین کے ساتھ ڈیل کو قانونی قرار دینے کا فیصلہ

منگل 23 ستمبر 2025 16:37

ْامریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی ٹل گئی، ٹرمپ کا چین کے ساتھ ڈیل کو قانونی ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)وائٹ ہائوس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ہفتے کے آخر میں ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کریں گے جس کے تحت ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو چینی کمپنی بائٹ ڈانس سے الگ کرنے کا معاہدہ قانونی قرار دیا جائے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ واشنگٹن کو یقین ہے کہ چین نے اس ڈیل کی منظوری دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید بات چیت کی ضرورت نہیں تاہم دونوں فریقین سے حتمی شکل کے لیے چند اضافی دستاویزات درکار ہیں۔امریکہ میں 170 ملین صارفین رکھنے والی ٹک ٹاک پر گزشتہ سال ایک قانون کے تحت پابندی کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا، جس میں شرط رکھی گئی تھی کہ 20 جنوری 2025 تک اس کی ملکیت امریکی سرمایہ کاروں کو منتقل ہو۔

(جاری ہے)

امریکی قانون سازوں اور انٹیلی جنس حکام کا مقف ہے کہ چینی حکومت اس ایپ کے ذریعے امریکی صارفین کا حساس ڈیٹا حاصل کر سکتی ہے یا پروپیگنڈا کے لیے استعمال کر سکتی ہے، تاہم ٹک ٹاک نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اس نے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔

ٹرمپ نے قانون پر عمل درآمد کو دسمبر کے وسط تک مخر کیا ہے تاکہ ٹک ٹاک کے امریکی اثاثوں کو الگ کر کے نئی ملکیت کو 2024 کے قانون کے مطابق اہل قرار دیا جا سکے۔یہ پیش رفت امریکا اور چین کے درمیان جاری مذاکرات میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے جو تجارتی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔