کراچی پریس کلب پر ٹیچرز کا جوائننگ لیٹرز نہ ملنے پر احتجاج، متعدد گرفتار

گزشتہ 13 روز سے میوزک ٹیچرز کا کراچی پریس کلب پر احتجاج جاری، مظاہرین کی ریڈزون کی جانب پیشقدمی پر پولیس کا ایکشن

پیر 22 ستمبر 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2025ء)کراچی میں سندھ بھر سے آئے آئی بی اے ٹیسٹ پاس میوزک ٹیچرز امیدواروں نے جوائننگ آرڈرز نہ ملنے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں آٹھویں روز بھی احتجاج جاری رکھا۔مظاہرین نے کہا کہ وہ دو سال قبل ٹیسٹ پاس کرچکے ہیں اور آفر لیٹرز بھی جاری کیے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود اب تک انہیں جوائننگ نہیں دی گئی، جس کے باعث وہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

مظاہرین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، تاہم پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں روک دیا اور پریس کلب تک محدود کردیا۔پولیس کی کارروائی کے دوران متعدد اساتذہ کو حراست میں بھی لیا گیا، جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے کہا کہ وہ اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور جوائننگ آرڈرز کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔بعدازاں آئی بی اے پاس میوزک ٹیچرز کی جانب سے صابری بیگ شہید روڈ پر دھرنا بھی دیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی تاہم شام کے وقت دھرنا ختم کرکے مظاہرین اپنے کیمپ کی جانب روانہ ہوگئے، جس کے بعد روڈ کو آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دھرنے کے دوران حراست میں لیے گئے امیدواروں کو رہا کردیا گیا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم سندھ، سید سردار علی شاہ نے کہا کہ بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا تھا، امیدوار اگر اپنے آپ کو حق پر سمجھتے ہیں تو ان کے پاس درست راستہ عدالت سے رجوع کرنا ہے۔اگر امیدوار راضی ہوں تو حکومت دوبارہ خالی آسامیوں کے لیے اشتہار جاری کرسکتی ہے۔