کوپن ہیگن ایئر پورٹ کی حدود میں ڈرون کے باعث فلائٹس معطل، ہنگامی صورتحال نافذ

منگل 23 ستمبر 2025 13:31

کوپن ہیگن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)ڈنمارک کی پولیس کے مطابقدو سے تین بڑے ڈرونز طیاری دیکھے جانے کے بعد کوپن ہیگن ایئر پورٹ پر پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔اسکینڈینیویاکے سب سے بڑے ہوائی اڈے کوپن ہیگن کی انتظامیہ نے کہا کہ نامعلوم شناخت والے ڈرون طیاروں کی وجہ سے پروازیں معطل کر دی گئیں اور کچھ پروازوں کا رخ قریبی ایئر پورٹس کی طرف موڑ دیا گیا۔

ہوائی اڈے کو عارضی طور پر پروازوں کے آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا۔کوپن ہیگن ایئر پورٹ انتظامیہ نے منگل کی صبح بیان میں کہاکہ ڈرون طیاروں کی سرگرمی کے باعث بند ہونے کے بعد کوپن ہیگن ایئرپورٹ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ڈرونز کے مشاہدے کے بعد 31 پروازیں منتقل کی گئیں اور تقریبا 20 ہزار مسافروں کی پروازیں متاثر ہوئیں۔

(جاری ہے)

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایئر پورٹ کے اطراف میں سکیورٹی کا وسیع انتظام کیا گیا ہے، اور ابھی تک یہ واضح نہیں کہ پروازیں کب معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہوں گی۔ناروے کی نشریاتی ایجنسی نے منگل کی صبح بتایا کہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو کا ایئر پورٹ بھی مشتبہ ڈرون طیاروں کی پروازوں کے بعد بند کر دیا گیا ہے۔ناروے کے ہوائی اڈوں کا نظام چلانے والی کمپنی کے مطابق اوسلو کا ایئر پورٹ اور فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی گئی۔

ایئرپورٹ کی ایک ترجمان نے بتایا کہ آنے والی پروازیں دیگر ہوائی اڈوں کی طرف منتقل کی جا رہی تھیں۔یہ صورتحال شمالی یورپ میں سکیورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے دوران سامنے آئی ہے، جہاں پچھلے چند ہفتوں میں روسی تخریب کاری کی کارروائیاں اور ڈرون و لڑاکا طیاروں کا نیٹو کے ہوائی حدود میں بار بار داخل ہونا ریکارڈ کیا گیا ہے۔