گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید سے ملاقات

منگل 23 ستمبر 2025 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی تعیناتی کو ملک خصوصاً خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے نیک شگون قرار دیا۔ منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں چشمہ لفٹ کینال منصوبے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ منصوبے میں اصلاحاتی اقدامات کے بعد جلد عملی پیشرفت سامنے آئے گی جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔چیئرمین واپڈا نے گورنر خیبرپختونخوا کو یقین دلایا کہ جلد ہی چشمہ لفٹ کینال منصوبہ پر عملی کام کی شروعات کردی جائیں گی۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔