سندھ حکومت کا خواتین کو رواں ہفتے مفت پنک سکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان

یہ سکیم خاص طور پر ان خواتین کیلئے ہے جو روزانہ تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں، ان خواتین کو روزانہ کی آمدورفت میں آسانی ہوگی؛ صوبائی وزیر شرجیل میمن کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 ستمبر 2025 16:43

سندھ حکومت کا خواتین کو رواں ہفتے مفت پنک سکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2025ء ) سندھ حکومت نے خواتین کو رواں ہفتے مفت پنک سکوٹیز فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پنک سکوٹیز پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول بھٹو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، اس موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے رواں ہفتے کے دوران پنک سکوٹیز خواتین کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ صوبائی حکومت رواں ہفتے خواتین اور طالبات کے لیے مفت الیکٹرک سکوٹیز کی فراہمی یقینی بنانے جا رہی ہے، یہ سہولت خواتین کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جس سے خواتین کو روزانہ کی آمدورفت میں آسانی ہوگی، وقت کی بچت، سفری اخراجات میں کمی کے ساتھ خواتین کو ایک محفوظ اور باوقار سفر میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سکیم خاص طور پر ان خواتین کے لیے ہے جو روزانہ تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں، درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے مرتب کیا جا رہا ہے، شفاف میکنزم کے تحت میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر الیکٹرک سکوٹیز الاٹ کی جائیں گی، حکومت سندھ کی جانب سے ایک شفاف اور آسان طریقہ کار تیار کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت چاہتی ہے زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں کیوں کہ حکومت چاہتی ہے کہ خواتین اپنی زندگی کے ہر شعبے میں خودمختار ہوں اور یہ سکیم ان کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگی، تمام طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیئے، حکومت سندھ چاہتی ہے خواتین کو ایسے مواقع دیئے جائیں جن سے وہ تعلیم، ملازمت اور دیگر سرگرمیوں میں پوری طرح حصہ لے سکیں۔