پاکستان ایران، افغانستان اور چین کے راستے خطے میں تجارتی راہداریوں کی تکمیل چاہتا ہے، وفاقی وزیر مواصلات

بینک پاکستان میں مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک کے سربراہ کی علیم خان کو یقین دہانی

منگل 23 ستمبر 2025 17:55

پاکستان ایران، افغانستان اور چین کے راستے خطے میں تجارتی راہداریوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران، افغانستان اور چین کے راستے خطے میں تجارتی راہداریوں کی تکمیل چاہتا ،روڈ نیٹ ورک سے تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی علاقائی سربراہ نے عبدالعلیم خان کو یقین دلایا کہ بینک پاکستان میں مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ریجنل ہیڈ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ عبدالعلیم خان نے اے ڈی بی کو پاکستان کا اہم شراکت دار قرار دیااور کہاکہ شاہراہوں کی تعمیر میں بینک کا اظہار دلچسپی خو ش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں مواصلات، ریلویز اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع ہیں۔

(جاری ہے)

اس کیلئے مختلف ممالک کا ایک چھت تلے اکٹھا ہونا مثبت قدم ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان ایران، افغانستان اور چین کے راستے تجارتی راہداریوں کی تکمیل چاہتا ہے،براہ راست پروازوں کے ساتھ ریلوے لائن اور شاہراہوں کی تعمیر بھی ضروری ہے، روڈ نیٹ ورک سے تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا،دیگر ممالک کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کیلئے "کاریک" منصوبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے 24 گھنٹے میں ملٹی پل ویزوں کا اجرا انتہائی اہم پیشرفت ہے، ’’کاریک‘‘ میں شامل ممالک سارک کی طرز پر ویزوں کا اجرا اور رابطے بڑھا سکتے ہیں۔اے ڈی بی کی ریجنل ہیڈ نے یقین دلایا کہ بینک پاکستان میں مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کرے گا۔ عبدالعلیم خان کو نومبر میں بشکیک کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور سینئر حکام نے اے ڈی بی وفد کو بریفنگ دی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے رواں پروگرام کے لئے پاکستان کو اہم ملک قرار دیا گیا۔