سعودی اعلیٰ سطح وفد کا اکتوبر میں دورہ پاکستان متوقع، ذرائع وزارت تجارت

منگل 23 ستمبر 2025 17:54

سعودی اعلیٰ سطح وفد کا اکتوبر میں دورہ پاکستان متوقع، ذرائع وزارت تجارت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2025ء) وزارت تجارت کے ذرائع نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ممکنہ دورہ پاکستان کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ذرائع کے مطابق سعودی وفد کے دورے کے دوران ’’پاک سعودی بزنس فورم‘‘کا انعقاد کیا جائیگا جس میں دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کو قریب لانے اور دو طرفہ سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

وزیر تجارت کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں سعودی عرب کے ساتھ تجارت بڑھانے سے متعلق امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر، اٰئل سیکٹر، اور ڈیجیٹل اکانومی میں سعودی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہیں جبکہ ا?ئی ٹی، توانائی، ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایز کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر غور جاری ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ماضی میں طے پانے والے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر پیشرفت کے لیے بھی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں نے تجارتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے روابط میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام وزارت تجارت نے بتایا کہ سعودی کمپنیاں ’’لبیک‘‘اور ’’آرامکو‘‘پہلے ہی پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر چکی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں نئے دور کی شروعات ہے۔