گلیات کے تمام زیرِ تعمیر گیس منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے ،بیرن گلی میں گیس منصوبے پر کام آئندہ ہفتے شروع کر دیا جائے گا۔مرتضیٰ جاوید عباسی

منگل 23 ستمبر 2025 20:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ گلیات کے تمام زیرِ تعمیر گیس منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے ، یونین کونسل بیرن گلی کے عوام کو بھی جلد گیس کی سہولت میسر آ جائے گی،بیرن گلی میں گیس منصوبے پر کام آئندہ ہفتے سے باضابطہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائش گاہ ایبٹ آباد پر یونین کونسل بیرن گلی سے آئے ہوئے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات میں وفد نے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل،خصوصاً گیس فراہمی میں تاخیر،سڑکوں کی حالتِ زار، صحت اور تعلیم کی سہولیات سے متعلق معاملات پر تفصیلی گفتگو کی،مرتضیٰ جاوید عباسی نے وفد کو یقین دلایا کہ گیس کی فراہمی کا منصوبہ نہ صرف ان کی ذاتی دلچسپی سے ممکن ہوا بلکہ وہ خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر نہ ہو،انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت میرا مشن ہے،میں اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں،عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھوں گا، بیرن گلی کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا ہے اور ان کے اس اعتماد کو ہرگز ٹھیس نہیں پہنچنے دی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قائد نواز شریف اور وزیر اعظم محمدشہباز شریف کی قیادت میں ملک میں ترقیاتی کاموں کا ایک نیا باب رقم کیا جا رہا ہے۔