کراچی میں چھینے یا چوری کیے گئے موبائل فونز مالکان کے حوالے کرنے کا اعلان

بدھ 24 ستمبر 2025 15:26

کراچی میں چھینے یا چوری کیے گئے موبائل فونز مالکان کے حوالے کرنے کا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2025ء)کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے شہریوں سے چھینے یا چوری کیے گئے 22 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز پولیس کی رابطہ کمیٹی(سی پی ایل سی)کے حوالے کر دیے ہیں۔ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان کے مطابق پولیس اور سی پی ایل سی کے تعاون سے 145 فونز ریکور کیے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ مزید 150 موبائل فونز بھی جلد سی پی ایل سی کے حوالے کیے جائیں گے، جس کے بعد یہ فونز ان کے اصل مالکان کو واپس کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محمد رضوان نے کہا کہ اب تک ایسوسی ایشن 26 کروڑ روپے مالیت کے چوری شدہ یا چھینے گئے موبائل فونز ریکور کر کے مالکان کے حوالے کر چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس او پی کے مطابق جب بھی کوئی شہری موبائل فون فروخت کرنے آتا ہے، تو اس کا IMEI نمبر سی پی ایل سی کو بھیجا جاتا ہے۔ اگر فون چھینا یا چوری کیا گیا ہو تو اسے سی پی ایل سی کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔صدر ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ ایس او پی فی الحال صرف کراچی میں نافذ ہے، لیکن اگر پورے سندھ میں اس پر عمل درآمد ہو جائے تو شہریوں سے چھینے اور چوری کیے گئے موبائل فونز کی بازیابی میں مزید بہتری آئے گی۔