بارانی زرعی یونیورسٹی اور برٹش کونسل کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق

بدھ 24 ستمبر 2025 17:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور برٹش کونسل پاکستان نے پاکستان یوتھ لیڈر شپ انیشیٹو (پی وائی ایل آئی) پروجیکٹ کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اس کا مقصد یونیورسٹی کے طلباء میں قیادت، صلاحیتوں کی تعمیر اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے۔

اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کے نفاذ اور تعاون کے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیشن میں پی وائی ایل آئی پروجیکٹ کو متعارف کرانے، جم (GYM) کلب کے اراکین کو قیادت کی تربیت فراہم کرنے میں یونیورسٹی کے کردار کی وضاحت اور شراکت داری اور تعاون کے مزید مواقع کی نشاندہی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے پی وائی ایل آئی منصوبے کی کامیابی کے لیے برٹش کونسل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی سماجی طور پر ذمہ دار اور بااختیار نوجوانوں کی نئی نسل کی تعمیر کے لیے ان کی تربیت اور ترقی میں فعال طور پر سہولت فراہم کرے گی۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی ہمہ وقت قومی اور بین الاقوامی اشتراک کے لیے تیار ہے۔

برٹش کونسل کے نمائندوں افتخار احمد اور عون نقوی نے یونیورسٹی کے فعال اور مثبت کردار کو سراہا اور پی وائی ایل آئی پروجیکٹ کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔