بارانی زرعی یونیورسٹی اور برٹش کونسل کا نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر تعاون کا فیصلہ

بدھ 24 ستمبر 2025 21:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور برٹش کونسل پاکستان نے پاکستان یوتھ لیڈر شپ انیشیٹو (PYLI) پروجیکٹ کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے باہمی تعاون پر اتفاق کر لیا ہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی زیر صدارت اجلاس میں منصوبے کے نفاذ اور تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبائ کی تربیت، قیادت کی صلاحیتوں کے فروغ اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو اجاگر کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ یونیورسٹی نئی نسل کو بااختیار بنانے کے لئے قومی و بین الاقوامی اشتراک کے ہر موقع سے فائدہ اٹھائے گی اور نوجوانوں کی قیادت و سماجی خدمات میں رہنمائی کے لئے بھرپور سہولت فراہم کرے گی۔برٹش کونسل کے نمائندے افتخار احمد اور عون نقوی نے یونیورسٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے PYLI پروجیکٹ کے مقاصد کے حصول کے لئے مسلسل تعاون کا یقین دلایا۔