اسرائیلی افواج کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر وحشیانہ حملہ، 10 سے زائد ڈرون حملے رپورٹ

بدھ 24 ستمبر 2025 23:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2025ء) فلسطین ایکشن کولیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے گذشتہ رات گلوبل صمود فلوٹیلا پر ایک بار پھر وحشیانہ حملہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق مختصر وقت میں 10 سے زائد حملے کیے گئے جن میں ساؤنڈ بم، اسٹن گرینیڈز، دھماکہ خیز فلیئرز اور مشتبہ کیمیائی مواد استعمال کیا گیا۔کولیشن کے مطابق اسرائیلی ڈرونز نے رات بھر فلوٹیلا کی کشتیوں کو گھیرے میں رکھا، ریڈیو نظام جام کر دیے اور مدد کے لیے کالز بلاک کر دیں۔

تقریباً 15 ڈرونز نے 10 حملے کیے تاہم خوش قسمتی سے تمام ارکان محفوظ رہے۔ فلوٹیلا کے شرکائ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ہر حال میں غزہ پہنچیں گے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے اس امر کا ثبوت ہیں کہ اسرائیل انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی نے اسے مزید بے خوف کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

فلسطین ایکشن کولیشن نے اپنے مطالبات میں غزہ کی غیر قانونی ناکہ بندی کے فوری خاتمے، گلوبل صمود فلوٹیلا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بین الاقوامی تحفظ دینے اور اسرائیلی جنگی جرائم پر عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر پاک فلسطین فورم وہاج احمد نے زور دیا کہ پاکستان کی حکومت اقوامِ متحدہ کے جاری 80ویں اجلاس میں یہ معاملہ مؤثر انداز میں اٹھائے اور عالمی رائے عامہ کو بیدار کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفد کے تمام ارکان فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں اور کسی دباؤ کے آگے ہار نہیں مانیں گے۔