میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارروائی ،مختلف علاقوں سے تجاوزات ختم کر دی گئیں

بدھ 24 ستمبر 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حالیہ آپریشن میں لیاقت بازار، پرنس روڈ، شاہ وک شاہ روڈ اور موٹی رام روڈ پر قائم تجاوزات ہٹا دی گئیں اور شہریوں کے لیے آمد و رفت کے راستے بحال کر دئیے گئے۔

اس دوران، ہوٹلوں، جنرل اسٹورز سمیت دیگر کاروباری مراکز کی جانب سے سڑکوں پر رکھی گئی اشیا قبضے میں لے لی گئیں جبکہ ریڑھیاں بھی ہٹا دی گئیں تاکہ بازاروں میں ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔انسداد تجاوزات آفیسر علی رضا درانی نے کارروائی کی نگرانی کی۔ یہ اقدامات ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ، مجیب الرحمان قمبرانی کی خصوصی ہدایت پر کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف انسداد تجاوزات آفیسر دلاور خان نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کی یہ مہم صرف وقتی کارروائی نہیں بلکہ ایک مستقل پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد کوئٹہ کے شہریوں کو بہتر سہولتیں اور صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔ایم سی کیو نے عوام اور کاروباری طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں۔ فٹ پاتھ اور سڑکیں عوامی سہولت کے لیے ہیں، ان پر ذاتی قبضہ نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ شہریوں کے لیے مشکلات اور حادثات کا باعث بھی بنتا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا جاتا ہے کہ یہ مہم عوامی آسانی، محفوظ آمد و رفت اور شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ہے۔ شہریوں کے تعاون سے کوئٹہ کو ایک منظم، صاف اور بہتر سہولیات والا شہر بنایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :