ملک میں مثبت اشارے، اچھا وقت شروع ہو چکا ہی: گورنرسندھ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:17

ملک میں مثبت اشارے، اچھا وقت شروع ہو چکا ہی: گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں، وزیراعظم سمیت قیادت عوام کی خدمت کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ کراچی پریس کلب کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس "اچھے وقت" کا طویل عرصے سے ذکر ہوتا رہا، وہ اب آچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا حالیہ چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، چین کی تیز رفتار ترقی قابلِ ستائش ہے اور پاکستان بھی اسی طرز پر ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چین کے عوام پاکستان کو "آئرن برادر" کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، جو دونوں ملکوں کے مضبوط رشتے کی نشانی ہے۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس عوام کا ہے اور یہاں سب جماعتوں کے لیے دروازے کھلے ہیں، کسی خاص سیاسی جماعت کا پرچم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز جماعت اسلامی کے وفد سے ملاقات بھی ہوئی اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی گئی۔اس موقع پر انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وکیل احمد علی گبول، جنہوں نے ان کے خلاف درخواست دی تھی، کارکردگی دیکھنے کے بعد اب اپنی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، میری جانب سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا۔