بلوچستان کے ہسپتالوں میں طبی عملے کی کمی کو دور کیا جائیگا، صوبائی وزیر صحت

بدھ 24 ستمبر 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی زیر صدارت ہسپتالوں میں عملے کی کمی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، اسپیشل سیکرٹری شہک بلوچ، پرنسپل بولان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راز محمد کاکڑ سمیت محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ صحت کے شعبے میں درپیش مسائل خصوصا طبی عملے کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر معاون عملے کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو درپیش مشکلات کم کرنے اور علاج معالجے کے نظام کو فعال بنانے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔

متعلقہ عنوان :