ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ حد سے زیادہ ہے ،مل کر صحت کے شعبے کو بہتر بنانا ہے ، ،وفاقی وزیر صحت

بدھ 24 ستمبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ حد سے زیادہ ہے ہمیں مل کر صحت کے شعبے کو بہتر بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آٹھویں فارما سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈریپ اور وزارتِ صحت اپنی ذمہ داریاں مل کر ادا کر رہے ہیں ، جہاں بہتری کی گنجائش ہو وہاں سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، وزارتِ صحت کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ فارما انڈسٹری کو ویکسین کی تیاری پر بھرپور توجہ دینی چاہئے ، ہم خودانحصاری کی طرف بڑھیں اور اپنے شعبہ صحت کو خود کفیل بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صحت کے حوالے سے کئی سنگین چیلنجز درپیش ہیں،ملک کے لئے کام کرنے کا سازگار ماحول پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ حد سے زیادہ ہے جس سے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے ،اہداف کے حصول کے لئے ہم مختلف منصوبوں پر کام کریں گے ،آبادی میں اضافہ کے پیشِ نظر چھوٹے ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کی اشد ضرورت ہے ، ہمیں ایسا نظامِ صحت قائم کرنا ہوگا جس سے مریضوں کی تعداد کم سے کم ہو ،ہم سب مل کر اپنا کام بخوبی سر انجام دے سکتے ہیں ،ہمیں پاکستان کے لئے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت صحت بغیر کسی چھٹی کے دن رات کام کر رہی ہے ،ہمیں اپنے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی اپنانا ہو گی ،ڈریپ اور وزارت صحت مل کر اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں ،ہمیں ملک کی خاطر اپنی آسائشوں سے باہر نکل کر سوچنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف باتیں نہیں بلکہ کام کرنے کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے جہاں ملک کی بہتری کی بات ہو وہاں ہمیں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا،اگر ہم آگے بڑھیں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا،ہمیں اپنا ہدف پورا کرنے کے لئے مختلف نئے پراجیکٹس پر کام کرنا ہو گا ۔