جوئے کی ترغیب کے الزام میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج

جمعرات 25 ستمبر 2025 11:48

جوئے کی ترغیب کے الزام میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)این سی سی آئی اے نے یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو جوا اور سٹے بازی والی غیر رجسٹرڈ ایپس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے رہے، جس کے باعث کئی افراد مالی نقصان کا شکار ہوئے۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی ای)نے یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف جوا اور سٹے بازی والی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اور اشتہارات کے ذریعے عوام کو غیر رجسٹرڈ ایپس میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی، جس کے باعث متعدد افراد کی محنت کی کمائی ضائع ہوگئی۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ رجب بٹ ایک مشہور بیٹنگ ایپ بینومو کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، تاہم یہ ایپ کسی ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

این سی سی آئی اے نے انہیں متعدد بار نوٹس بھیجے لیکن ان کی جانب سے انکوائری میں پیش نہ ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

این سی سی آئی اے اور این آئی اے غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ معاشرے میں جوئے اور سٹے بازی کو روکا جا سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 17 اگست کو این سی سی آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے یوٹیوبر سعد الرحمان ذوالفقار عرف ڈکی بھائی کو گرفتار کیا تھا۔ان پر الزام ہے کہ وہ آن لائن ٹریڈنگ اور جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے مالی فراڈ میں ملوث ہیں، نوجوانوں کو سرمایہ کاری کے لیے اکساتے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر رجسٹرڈ و بغیر لائسنس ایپس کی تشہیر کرتے ہیں۔