دلجیت دوسانجھ کی بھارتی منافقت پر کڑی تنقید

جمعہ 26 ستمبر 2025 23:05

دلجیت دوسانجھ کی بھارتی منافقت پر کڑی تنقید
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)بھارتی پنجابی گلوکار، اداکار اور فلم پروڈیوسر دلجیت دوسانجھ نے بھارتی میڈیا اور حکام کو منافقانہ رویے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کوالالمپور میں اپنے حالیہ اوورا ٹور کے کنسرٹ کے دوران جب بھارت کا جھنڈا نظر آیا تو دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ یہ میرے ملک کا جھنڈا ہے اور ہمیشہ اس کا احترام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری فلم سردار جی 3کافی عرصہ پہلے شوٹ کی گئی تھی، لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بعد اس پر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔دلجیت نے کہا کہ میڈیا مجھے غدار وطن بتانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا تھا، اس وقت سب نے مجھ پر الزام لگایا، لیکن اب وہی لوگ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچز پر کوئی اعتراض نہیں کرتے، یہ رویہ میں نے دل میں رکھا ہوا ہے اور میں بھولا نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ہر اعتراض کا جواب ہے، لیکن میں نے خاموشی اختیار کی، اس وقت بھی ہم نے پہلگام حملے کی مذمت کی تھی۔ ہم کبھی اپنی قوم کے خلاف نہیں جا سکتے۔