جینک سنر کا یو ایس اوپن کے بعد کھیل میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان

جمعرات 25 ستمبر 2025 12:51

جینک سنر کا یو ایس اوپن کے بعد کھیل میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ٹوجینک سنر نے کہا ہے کہ انہوں نے رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں ہسپانوی حریف کھلاڑی کارلوس الکاراز سے شکست کے بعد اپنے کھیل میں کئی اہم تبدیلیاں کی ہیں اور اپنی فٹنس پر کافی غور و فکر کیا ہے۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جاری چائنا اوپن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جینک سنر نے کہاکہ ہم نے بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں پر کام کیا ہے اور خود کو بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان تبدیلیوں کے باعث فی الحال ان سے غلطیاں زیادہ ہو رہی ہیں لیکن وہ پرامید ہیں کہ ان تبدیلیوں کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یو ایس اوپن کے فائنل میں جینک سنر کو سپین کے کارلوس الکاراز کے ہاتھوں 4 سیٹس میں شکست ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ جیتنے کے لیے انہیں مزید غیر متوقع اور تخلیقی انداز اپنانا ہوگا۔

جینک سنر چائنا اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میچ میں کروشیا کے مارین کلک کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اس مرتبہ چین میں اے ٹی پی ایونٹ میں شرکت نہیں کر رہے بلکہ وہ جاپان اوپن میں حصہ لے رہے ہیں۔جینک سنر اور کارلوس الکاراز کے درمیان مقابلوں کو موجودہ مردوں کے ٹینس کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔

معروف سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ اب تمام ٹینس کورٹس ایک جیسے بننے لگے ہیں جس سے کھیل میں تنوع کم ہو گیا ہے جس نے مقابلوں کی دلچسپی کم کر دی ہے، جس پر جینک سنر نے بھی اتفاق کیا۔جینک سنر کا کہنا تھا کہ کھیل کی صورتحال تقریباً ہر جگہ یکساں ہوتی جا رہی ہے اور کھلاڑیوں کو خود کو بہتر طور پر ڈھالنے کی ضرورت ہے۔جینک سنر کی بیجنگ میں کارکردگی اور نئی حکمت عملی اس بات کا تعین کرے گی کہ وہ کارلوس الکاراز کے خلاف مستقبل میں کیسے برتری حاصل کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :