Live Updates

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارت کی 15رکنی ٹیم کا اعلان،نیتیش ریڈی اور دیودت پڈی کال کی واپسی

جمعرات 25 ستمبر 2025 13:43

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارت کی 15رکنی ٹیم کا اعلان،نیتیش ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) بورڈ آف کنٹرول فارکرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی)نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 2 اکتوبر سے احمد آباد میں جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 10ا کتوبر سے نئی دہلی میں شروع ہوگا۔

مایہ ناز بلے باز شُبھمن گل کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو نائب کپتان کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ زخمی وکٹ کیپر بلے باز ریشبھ پنت کی عدم موجودگی میں وکٹ کیپنگ کے فرائض دھروو جوریل اور این جگدیشن انجام دیں گے۔ٹیسٹ سیریز کے لئے دو نوجوان کھلاڑیوں نیتیش ریڈی اور دیودت پڈی کال کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف ناقص کارکردگی کے بعد کرون نائر کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انجری کا شکار سرفراز خان کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کو فٹنس خدشات کے باوجود ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ ابھی منیو ایشورَن کو بھی سکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ہوم ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے بھارت کا 15 رکنی سکواڈشُبھمن گل (کپتان)،رویندر جڈیجہ (نائب کپتان)،یشسوی جیسوال،لوکیش راہول،سائی سدھارسن،دیودت پڈی کال،دھروو جوریل (وکٹ کیپر)،این جگدیشن (وکٹ کیپر)،نتیش ریڈی،واشنگٹن سندر،اکشر پٹیل،کلدیپ یادیو،جسپریت بمراہ،محمد سراج اور پرسید کرشناپر مشتمل ہے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 2 اکتوبر کو احمد آباد اور دوسرا 10 اکتوبر کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ بھارت کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا اور سری لنکا بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات