موسمیاتی بحران کی شدت بڑھتی جا رہی ،دنیا کو فوری اور جرات مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے،اقوام متحدہ

جمعرات 25 ستمبر 2025 17:08

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2025ء)اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی بحران کی شدت بڑھتی جا رہی ہے اور دنیا کو فوری اور جرات مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے یواین ہیڈ کوارٹر میں موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی عالمی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انتونیو گوتریش نے کہا کہ اگرچہ پیرس معاہدے کے بعد درجہ حرارت میں اضافے کی رفتار کچھ کم ہوئی ہے لیکن موجودہ وعدے کافی نہیں، اب 2035تک کیلئے نئے اور سخت تر ماحولیاتی اہداف طے کرنے کی اشد ضرورت ہے۔یواین سیکرٹری جنرل نے چین اور بھارت جیسے ممالک کی قبل از وقت کامیابیوں کو سراہا، انہوں نے توانائی، میتھین گیس، جنگلات، بھاری صنعت اور ماحولیاتی انصاف کو ترجیحی اقدامات کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کو مالی معاونت فراہم کیے بغیر موسمیاتی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ یہ اجلاس کوپ 30کانفرنس کی تیاری کا حصہ ہے جو نومبر 2025میں برازیل کے شہر بیلم میں منعقد ہو گی جہاں تمام ممالک کو نئے قومی وعدے پیش کرنے ہوں گے۔