Live Updates

خیبرپختونخوا گیمز نومبر میں ہوں گے، صوبائی سیکرٹری سپورٹس

جمعرات 25 ستمبر 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) محکمہ کھیل اور امور نوجوانان خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے رواں سال نومبر میں خیبرپختونخوا گیمز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ گیمز میں صوبے بھر کے سکولوں، کالجوں اور مدارس کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس سلسلہ میں جمعرات کو پشاور سپورٹس کمپلیکس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیراہتمام ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئر ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا سعادت حسن نے کی۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر سمیت دیگر ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کے ماتحت افسران، ریجنل سپورٹس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیکرٹری سپورٹس اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے تمام ریجنل افسران کو ہدایت کی کہ نومبر میں ہونے والی خیبر پختونخوا گیمز کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع کے سکولوں، کالجوں اور مدارس سے نئے ٹیلنٹ کو شامل کرنے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہیں نےخیبرپختونخوا گیمز کی تیاریوں کے لیے کیمپس لگانے کی ہدایت کی ۔خیبرپختونخوا گیمز میں 26 مردوں کے اور 17 خواتین کے مختلف کھیلوں کےمقابلے کھیلے جائیں گے۔ یہ گیمز انٹر ریجنل اور انٹر ڈسٹرکٹ لیول پر کھیلے جائیں گے۔سیکرٹری سپورٹس نے فلڈ ریلیف میچ کو کامیاب بنانے میں تمام ریجنل آفیسرز کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ سیکرٹری سپورٹس اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے فلڈ ریلیف میچ میں شاندار کارکردگی پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چارسدہ گل رخ یاسر اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مہمند فیصل جاوید کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات