جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال میں تقریب،فارماسسٹس کو قابلِ ستائش خدمات پر تعریفی اسناد پیش

جمعرات 25 ستمبر 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال زیر انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ نے عالمی یوم فارماسسٹ کے موقع پرپر وقار تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ دن ہر سال 25 ستمبر کو صحت کے شعبے کے اس اہم ستون کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس سال کے عالمی موضوع "تھنک ہیلتھ تھنک فارماسسٹ" کے تحت منعقد ہونے والی تقریب میں ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف، انتظامیہ اور فارماسسٹس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد فیروزہ (کلینکل فارماسسٹ) اور طلحہ بلوچ (آفیسر فارمیسی وئیر ہاؤس) نے اسٹیج کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور نہایت خوش اسلوبی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ پورے پروگرام کی نظامت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائق زادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارماسسٹ صحت کے شعبے کا ایک اہم ستون ہیں۔

یہ نہ صرف ادویات کی تقسیم کار ہیں بلکہ ڈاکٹروں اور مریضوں کے لیے مشیر اور رہنما کا کردار بھی ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کے فارماسسٹس کی محنت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی اس عمارت کی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات ناگزیر ہیں۔ڈاکٹر نوراللّٰہ (کنسلٹنٹ و ہیڈ آف فیملی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ) نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ فارماسسٹ صرف مریضوں کو دوائیاں ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ تجویز کردہ دوائیوں کی محفوظ اور کارگر ترسیل کو بھی یقینی بناتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فارماسسٹ اپنی ابتدا سے ہی ڈاکٹروں کی اور مریضوں کی رہنمائی کا ذریعہ بنتے رہے ہیں۔اس موقع پر حناء عبدالرحمٰن (انچارج فارمیسی ڈیپارٹمنٹ) نے گزشتہ ایک سال کی شاندار کارکردگی پر روشنی ڈالی اور ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، 'فارماسی ڈیپارٹمنٹ کی یہ کامیابی ہماری اجتماعی کوششوں کا مرہونِ منت ہے۔

ہمیں اپنے پیشہ ورانہ معیار کو بلند رکھنے کے لیے مسلسل سیکھتے رہنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر ہسپتال کے تمام فارماسسٹس کو ان کی قابلِ ستائش خدمات پر تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ ہفتہ بھر چلنے والے اس پروگرام کے تحت فارمیسی ڈیپارٹمنٹ نے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی، جس میں لوگوں کو خود علاجی کے مضر اثرات اور ادویات کے محفوظ استعمال سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :