امریکی صدر کے ناپسندیدہ کامیڈین جمی کیمل کی معطلی ختم، شو کی ریٹنگ کا نیا ریکارڈ قائم

جمعہ 26 ستمبر 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) امریکی ٹی وی چینل اے بی سی پر جمی کیمل لائیو کے میزبان معروف کامیڈین جمی کیمل ایک ہفتے کی معطلی کے بعد واپس آئے تو شو کی ریٹنگ 10 سال کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی ۔ اردو نیوز کے مطابق اے بی سی نیٹ ورک نے بتایا کہ جمی کیمل کے اس شو کو 62 لاکھ 60 ہزار افراد نے دیکھا۔یہ لیٹ نائٹ شو کی سب سے زیادہ ریٹنگ تھی، عام طور پر اوسطاً 14 لاکھ 20 ہزار افراد اس پروگرام کی ایک قسط کو دیکھتے ہیں،سوشل میڈیا پر اس شو کو 2 کروڑ 60 لاکھ افراد نے دیکھا، ان میں سے ایک کروڑ 53 لاکھ ویوز ایلفابیٹ کے یوٹیوب پر آئے جبکہ بدھ کی دوپہر تک میٹا کے انسٹاگرام پر 63 لاکھ ویوز ریکارڈ کیے گئے۔

جمی کیمل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے قتل اور اس الزام میں گرفتار ہونے والے مشتبہ نوجوان کے بارے میں 15 ستمبر کو ایک تبصرہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

معروف کامیڈین نے کہا تھا کہ امریکا میں بعض حلقے اس قتل کا الزام ایک بچے پر ڈال کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ نے چارلی کرک کے قتل پر ایک سنجیدہ رہنما کی حیثیت سے ردِعمل کا اظہار نہیں کیا بلکہ وہ ایسے برتاؤ کر رہے تھے جیسے کوئی بچہ اپنی پسندیدہ چیز نہ ملنے پر ناراض ہو گیا ہو۔

اس تبصرے کے بعد انہیں دائیں بازو کے حامیوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے میڈیا پر تنقید اور ریگولیٹری دھمکیوں کے بعد جمی کیمل کے شو کو گذشتہ ہفتے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ جمی کیمل کی گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ایئرفورس ون میں میڈیا سے اُن سے متعلق کی گئی بات چیت بھی شامل تھی جس میں امریکی صدر نے کہا کہ لیٹ نائٹ شو کے کامیڈین کے پاس کوئی ٹیلنٹ ہے نہ ہی اُن کی ریٹنگ آتی ہے، اس کے بعدجمی کیمل نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اچھا! میں آج رات شو کررہاہوں، اِس پر سٹوڈیو میں موجود سامعین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔