Live Updates

چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کا سیلاب سے متاثرہ گاؤں ہری پور ،وزیرآبادکا دورہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 12:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے سیلاب سے متاثرہ گاؤں ہری پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ اسکول، گھروں، سڑکوں اور گلیوں کا معائنہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔دورے کے دوران بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی کو مشکل میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں تعلیمی اداروں کی مرمت، متاثرہ گھروں کی بحالی، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر نو اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف پیکجز اور مالی امداد فراہم کرنا شامل ہے۔بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ خاندانوں کو ریلیف اور سہولت فراہم کریں گے تاکہ وہ جلد از جلد اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات