سانگلہ ہل میں ادبی فضا کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جائیں، حسنین انصاری

ڈپٹی کمشنر ادبی حلقوں سے تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے، صدر پاک برٹش آرٹس انٹرنیشنل ضلع ننکانہ

جمعہ 26 ستمبر 2025 14:20

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے ادبی ماحول کو بنانا ہوگا،شہر میں ادبی محافل کا انعقاد اتنا ہی ضروری ہے جتنا ایک انسان کی زندگی کیلئے سانسوں کا چلنا ضروری ہوتا ہے،ان خیالات کا اظہار پاک برٹش آرٹس انٹرنیشنل ضلع ننکانہ صاحب کے صدر حسنین انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ سانگلاہل کی فضا اس وقت نہایت مکدر ہو چکی ہے، نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہونے لگی ہے، آئے روز نوجوانوں کی نشہ کی لت،اموات اور آئے روز شہر میں نوجوانوں کی فائرنگ اور لڑائیاں جھگڑے قابل تشویش ہیں کیونکہ سانگلہ ہل شہر میں ادبی حلقوں کی سرپرستی نہ ہونے اور فنون لطیفہ سے دوری کی وجہ سے نوجوان نسل بھٹک چکی ہے، حسنین انصاری نے کہا کہ ڈی سی ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل اسامہ امانت کو اس بے راہ روی کی فضا کو بڑھنے سے روکنا ہوگا اور نوجوانوں کو بچانے کیلئے مقامی ادبی حلقوں کو پروموٹ کرنا ہوگا ورنہ شہر میں نوجوانوں کی تباہی کو روکنا ناممکن ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ شہر میں آئے روز فائرنگ، جوا اور نشے کے عادی ہوتے ہوئے نوجوانوں کو بچانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :