امریکی دباؤ کے باوجود لوکاشینکو کا ماسکو کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان

جمعہ 26 ستمبر 2025 17:21

مینسک،ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2025ء) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ ان کا ملک مشرقی بیلاروس میں ایک نیا جوہری پاور پلانٹ بنانے کی تجویز دے رہا ہے، جو بجلی روس کے زیرِ کنٹرول یوکرینی علاقوں کو بھی فراہم کرسکتا ہے۔یہ تجویز لوکاشینکو نے ماسکو میں کریملن میں ہونے والی ملاقات کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فیصلہ ہوگیا تو ہم فوری طور پر نیا پاور یونٹ یا نیا پلانٹ تعمیر کرنے کا آغاز کردیں گے تاکہ مغربی روس اور آزاد کرائے گئے خطوں میں بجلی کی ضرورت پوری ہوسکے۔روسی صدر پیوٹن نے اس موقع پر کہا کہ "فنانسنگ کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر صارفین بجلی خریدنے اور مقررہ نرخ ادا کرنے پر تیار ہوں تو یہ کوئی مشکل بات نہیں۔

(جاری ہے)

یہ پیشکش بیلاروس اور روس کے گہرے تعلقات کو اجاگر کرتی ہے۔

بیلاروس نہ صرف ماسکو کا قریبی اتحادی ہے بلکہ 2022 میں روسی افواج کو یوکرین میں داخل ہونے کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت بھی دے چکا ہے۔سیاسی ماہرین کے مطابق، یہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیلاروس کو مغرب کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے ترغیبات دینے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔