اٹلی اور اسپین نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی حفاظت کیلئے بحری جہاز تعینات کردئیے

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:00

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)اٹلی اور اسپین نے اسرائیلی محاصرہ توڑ کر غزہ امداد پہنچانے کے لیے سرگرم گلوبل صمود فلوٹیلا پر ڈرون حملوں کے بعد اس کی حفاظت کے لیے بحری جہاز تعینات کر دیے، اس اقدام سے اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا تقریبا 50 سول کشتیوں کے ذریعے اسرائیل کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا ہے، ان کشتیوں پر وکلا، ارکان پارلیمنٹ اور کارکنان موجود ہیں جن میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اٹلی کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ فلوٹیلا کو نشانہ بنائے جانے کے چند گھنٹے بعد ہی بدھ کو ایک فریگیٹ روانہ کی گئی تھی، ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے جہاز کو بعد میں کسی اور جہاز سے بدل دیا جائے گا۔وزیرِ دفاع گوئیڈو کروسیٹو نے پارلیمنٹ کے ایوان بالا کو بتایا کہ یہ جنگی اقدام نہیں ہے، یہ کوئی اشتعال انگیزی نہیں ہے، یہ انسانیت کا عمل ہے، جو ایک ریاست کی اپنے شہریوں کے لیے ذمہ داری ہے۔اٹلی کی وزارتِ خارجہ کے مطابق بیلجیئم، فرانس اور دیگر یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کی مدد کے لیے اٹلی سے تعاون کی درخواست کی تھی۔