سرسید یونیورسٹی اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کا اشتراک تکنیکی اور عملی تعلیم کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ، چانسلر اکبر علی خان

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2025ء)پاکستان میں تکنیکی اور ہنر مند تعلیم کے فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے وائس چیئرمین مختار شیخ نے گورننگ باڈی کے سنیئر اراکین کے ساتھ سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (SSUET) کے چانسلر محمد اکبر علی خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور عملی تعلیم کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چانسلر محمد اکبر علی خان نے اس اشتراک کو پاکستان میں ہنرمند عملی تعلیم کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل اور سر سید یونیورسٹی کے درمیان یہ شراکت داری انجینئرنگ اور تکنیکی تعلیم کے مستقبل کو ایک نئی جہت دے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور ہمیں صنعتی شعبہ کی بدلتی ضروریات سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

اس اشتراک سے ایسے تعلیمی پروگرام تشکیل دیئے جا سکتے ہیں جو نظریاتی علم اور عملی مہارت کے درمیان موجود خلا کو پر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔اس سے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف علمی طور پر مضبوط ہوں بلکہ صنعت کے تقاضوں پر بھی پورا اترسکیں۔پاکستان انجینئرنگ کونسل کے وائس چیئرمین، مختار شیخ نے گفتگو کے دوران انجینئرنگ اور تکنیکی تعلیم میں درپیش چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ہنر مند افرادی قوت تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جو نہ صرف موجودہ صنعتی معیار پر پورا اترے بلکہ متعین اہداف کو پورا کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہوں۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو ایسی عملی مہارتیں فراہم کریں جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھاریں اور انہیں انجینئرنگ کے شعبے میں مثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔

ملاقات کے اختتام پر،پاکستان انجینئرنگ کونسل کے وائس چیئرمین مختار شیخ نے سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان کو روایتی اجرک پیش کی، جو ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی علامت ہے۔ جوابا چانسلر اکبر علی خان نے PEC کے وائس چیئرمین سمیت وفد کو ارکان کویادگاری تحائف اور سووینیئر پیش کیے۔اس اہم ملاقات میں سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افضل الحق، قائم مقام رجسٹرار عامر حسین، کنوینر AIT محسن کاظم، فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچرکے ڈین پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی، کمپیوٹر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر مزمل، کمپیوٹر سائنس اینڈ آئی ٹی کے چیئرمین ڈاکٹر کاشف شیخ، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن جہانگیر احسن، ڈائریکٹر آئی ٹی عبدالمعید خان سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔