پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز نے گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے افراد کی بکنگ کے حوالہ سے یقین دہانی کرا دی ہے، 17 اکتوبر تک بکنگ مکمل کر لی جائے گی، ترجمان وزارت مذہبی امور

جمعہ 26 ستمبر 2025 18:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وزارت مذہبی امور کو پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز نے گزشتہ سال حج سے محروم رہ جانے والے افراد کی بکنگ کرنے کے حوالہ سے یقین دہانی کرا دی ہے، 17 اکتوبر تک ان کی بکنگ مکمل کر لی جائے گی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے گزشتہ حج کے حوالہ سے ریفنڈ اور حج 2025 کے پیکیج میں کمی کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر چلنے والے مواد کی تردید کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے مواد کو رپورٹ کیا جائے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

جمعہ کو اے پی پی سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ جاری ہے، تمام منظم کمپنیوں نے وزارت مذہبی امور کو یقین دلایا ہے کہ گزشتہ سال پرائیویٹ سکیم کے حج سے محروم رہ جانے والے 22 ہزار 92 افراد کی بکنگ کی جا رہی ہے، ان کی بکنگ کےلئے وزارت مذہبی امور نے کمپنیوں کو 17 اکتوبر تک کا وقت دیا ہے۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ سکیم کے تحت بکنگ کرانے والے افراد سے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ وزارت کی ویب سائٹ پر موجود مستند کمپنیوں کے ساتھ اپنی رجسٹریشن کرائیں، پے آرڈر کے ذریعے ان کو رقم ادا کریں، ان کے ساتھ کمپنی کے لیٹر پیڈ پر معاہدہ کریں اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں وزارت مذہبی امور کے متعلقہ سیکشن افسر کو مطلع کریں۔

وزارت مذہبی امور نے خصوصی طور پر پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کرانے والے افراد سے کہا ہے کہ وہ بکنگ کے بعد اپنا ڈیٹا آن لائن بھی چیک کرکے تسلی کر لیں۔ پرائیویٹ سکیم کے تحت گزشتہ سال رہ جانے والے کسی فرد کو اگر کسی کمپنی سے ریفنڈ کا مسئلہ ہو تو وہ تمام ثبوتوں کے ساتھ وزارت مذہبی امور کے متعلقہ سیکشن افسر سے رجوع کرے۔ انہوں نے حج 2025 کے ریفنڈ اور پاک۔

سعودی معاہدہ کے تناظر میں حج 2026 کے پیکیج میں کمی کے حوالہ سے سوشل میڈیا پر چلنے والی پوسٹوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، عوام ایسے مواد کو رپورٹ کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ سرکاری سکیم کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ پروکیورمنٹ کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری سکیم کے حاجیوں کی رہائش، خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروریات کےلئے وزارت مذہبی امور کی جانب سے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ \395