ایس ای سی پی کی لسٹڈ کمپنیوں کے لئے ای ایس جی ڈسکلوژرز سے متعلق گائیڈ لائنز پر مجوزہ اضافوں پر عوامی مشاورت کی دعوت

جمعہ 26 ستمبر 2025 19:39

ایس ای سی پی کی لسٹڈ کمپنیوں کے لئے ای ایس جی  ڈسکلوژرز سے متعلق گائیڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے لسٹڈ کمپنیوں کے لئے ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی ) ڈسکلوژرز سے متعلق گائیڈ لائنز میں مجوزہ اضافوں کا مسودہ عوامی مشاورت کے لئے جاری کر دیا ہے۔ جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق حکومت پاکستان نے اپنی تازہ ترین ملکی سطح پر طے شدہ شراکت کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہداف کا عہد کیا ہے، اس تبدیلی کی حمایت کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی نے حال ہی میں پاکستان گرین ٹیکسونومی (Pakistan Green Taxonomy) جاری کی ہے تاکہ موسمیاتی خطرات میں کمی اور موافقت کے لئے اہم شعبوں میں سرمائے کی روانی کو آسان بنایا جا سکے۔

اسی بنیاد پر ایس ای سی پی نے ڈسکلوژر کی ضروریات کا ایک مسودہ تیار کیا ہے جسے لسٹڈ کمپنیوں کے لئے ای ایس جی ڈسکلوژرز سے متعلق گائیڈ لائنز میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ ڈسکلوژرز تمام لسٹڈ کمپنیوں پر لاگو ہوں گے، قطع نظر اس کے کہ وہ گرین فنانسنگ حاصل کر رہی ہیں یا نہیں۔ ایک مرحلہ وار طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس کے تحت ڈسکلوژرز 2029 تک رضاکارانہ رہیں گے جس کے بعد لازمی رپورٹنگ کے لئے ٹائم لائنز متعارف کرائی جائیں گی۔

اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ ڈسکلوژر کی ضروریات تمام مارکیٹ شراکت داروں کے جامع نقطہ نظر کی عکاسی کریں، لسٹڈ کمپنیوں کے لئے ای ایس جی ڈسکلوژرز سے متعلق گائیڈ لائنز میں مجوزہ اضافوں کا مسودہ ایس ای سی پی کی سرکاری ویب سائٹ پر عوامی مشاورت کے لئے اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ مشاورت کی مدت 22 اکتوبر، 2025 تک (25 دن) کھلی رہے گی۔ آراء [email protected] پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔