امریکا نے گھانا پرعائد ویزا پابندیاں ختم کر دیں

ہفتہ 27 ستمبر 2025 12:55

امریکا نے گھانا پرعائد ویزا پابندیاں ختم کر دیں
اکرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) امریکا نے گھانا پر عائد ویزا پابندیاں ختم کر دی ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق یہ بات گھانا کے وزیر خارجہ سیموئیل اوکودزیٹو ابلاکوا نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اعلیٰ سطحی سفارتی بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے اور اس حوالے سے خوشخبری امریکی حکام نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر دی۔

امریکانے رواں سال جون میں کیمرون، ایتھوپیا، گھانا اور نائیجیریا کے شہریوں کے زیادہ تر ویزے صرف تین ماہ اور ایک بار داخلے تک محدود کر دئیے تھے۔ سیموئیل اوکودزیٹو ابلاکوا نے بتایا کہ ویزا پابندیوں کے خاتمے کے بعد گھانا کے شہری پانچ سالہ ملٹی پل انٹری ویزے اور دیگر قونصلر سہولیات کے اہل ہوں گے۔واضح رہے کہ گھانا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن کریک ڈاؤن پالیسی کے تحت ایک اہم ڈیپورٹیشن مرکز کے طور پر سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

رواں ماہ کے اوائل میں گھانا کے صدر جان مہاما نے انکشاف کیا تھا کہ ملک امریکا کی جانب سے مغربی افریقی شہریوں کو قبول کر رہا ہے جنہیں وہاں سے ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔گھانا کی جانب سےاس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والوں کو قبول کرنے کے بدلے میں گھانا کو کچھ حاصل نہیں ہوا، تاہم صدرجان مہاما نے اعتراف کیا کہ یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکا کے ساتھ تعلقات کشیدہ تھے اورامریکانے محصولات و ویزا پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔