امریکا کی فوجی تعیناتی پروینزویلا ہائی الرٹ، آفات سے نمٹنے کی مشقوں کا اعلان

ہفتہ 27 ستمبر 2025 12:34

کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وینزویلا نے امریکی فوج کی اپنے ساحل کے قریب تعیناتی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی اور ممکنہ حملے کے خدشات کے پیش نظر ہفتہ کو آفات سے نمٹنے کی مشقوں کا اعلان کیا ہے۔اے یف پی کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ یہ مشقیں عوام کی تیاری کو جانچنے کے لیے ہوں گی تاکہ کسی قدرتی آفت یا مسلح تصادم کی صورت میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کے منصوبے کے تحت جنوبی کیریبین میں آٹھ جنگی جہاز اور ایک ایٹمی آبدوز تعینات کی ہے جبکہ حالیہ ہفتوں میں تین مبینہ منشیات بردار کشتیوں کو تباہ کرنے سے درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے ان کارروائیوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

صدرنکولس مادورو نے کہا کہ ان مشقوں میں سکولوں اور ہسپتالوں سمیت مختلف ادارےشریک ہوں گے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ حکومت ہنگامی اختیارات کے نفاذ پر بھی غور کر رہی ہے، جس کے تحت پارلیمان کو بائی پاس کرنے، آئینی ضمانتیں معطل کرنے اور فوج تعینات کرنے کے اختیارات حاصل ہو سکتے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حکومت ہنگامی فرمان کو اجتماع، نقل و حرکت اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔فورو پینال نامی حقوق گروپ کے مطابق ملک میں پہلے ہی سینکڑوں افراد سیاسی بنیادوں پر قید ہیں جن میں سے کئی نکولس مادورو کے گزشتہ سال جولائی میں ہونے والے متنازعہ دوبارہ انتخاب کے بعد ہونے والے ہنگاموں میں گرفتار ہوئے۔ ان کے انتخاب کو امریکا اور کئی دیگر ممالک نے تسلیم نہیں کیا۔