سرگودھا یونیورسٹی اوریونیورسٹی سیٹف ون الجزائرکےدرمیان تعلیمی وتحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

ہفتہ 27 ستمبر 2025 15:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور الجزائر کی یونیورسٹی سیٹف ون کے مابین تعلیمی وتحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر دستخط وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس اور یونیورسٹی سیٹف ون کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد الہادی لاتریش نے کیے۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈین فیکلٹی آف نیچر اینڈ لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر صدیق خنوف، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر، پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور اور پروفیسر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت دونوں جامعات اساتذہ و طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تحقیقی سہولیات کے اشتراک اور سیمینارز، ورکشاپس و کانفرنسز کے انعقاد میں تعاون کریں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یہ معاہدہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی بین الاقوامی روابط اور عالمی رسائی کے سفر میں ایک اور سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی اعلیٰ معیار کی تعلیم، تحقیقی برتری اور جدت کو فروغ دینے کے لیے دنیا کی نمایاں جامعات کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے تحقیق کے تجارتی استعمال، صنعت سے تعلقات، کمیونٹی انگیجمنٹ اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے جس کی بدولت یہ پاکستان کی تیزی سے ترقی کرنے والی جامعات میں شمار ہوتی ہے۔