یمن کے ساحل پر ایل پی جی ٹینکر میں پھنسے پاکستانی شہریوں سمیت پورا عملہ محفوظ اور خیریت سے ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 27 ستمبر 2025 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) ترجمان دفتر خارجہ نے یمن کے ساحل پر ایل پی جی ٹینکر میں پھنسے پاکستانیوں کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہاز میں پاکستانی شہریوں سمیت پورا عملہ محفوظ اور خیریت سے ہے۔ ترجمان نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ ایل پی جی ٹینکر ہفتہ کو بندرگاہ سے روانہ ہوگیا ہے اور یمنی پانیوں سے باہر نکل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ 17 ستمبر کو یمن کے ساحل پر ایک ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگ گئی، ٹینکر میں 24 پاکستانی شہریوں سمیت کثیر ملکی عملہ سوار تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پاکستانی سفارتخانوں نے عملے کی خیریت کو یقینی بنانے کے لیے یمن میں حکام سے رابطے کیے اور ٹینکر کو دوبارہ چلانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی مشن نے پاکستانی عملے کے اہل خانہ سے بھی رابطہ رکھا اور انہیں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا- انہوں نے کہا کہ آج ایل پی جی ٹینکر بندرگاہ سے روانہ ہوگیا ہے اور یمنی پانیوں سے باہر نکل رہا ہے، جہاز میں پاکستانی شہریوں سمیت پورا عملہ محفوظ اور ٹھیک ہے۔

متعلقہ عنوان :