اسلام آباد میں شہریوں کے تحفظ کیلئے آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن جاری

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر دارالحکومت اسلام آباد میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کے ازالے اور روک تھام کے حوالے سے اقدامات تیز تر کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں آپریشنز میں سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی مشترکہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عوامی شکایات کو رجسٹر کرنے اور ازالے کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور شہریوں کی سہولیات اور شکایات کے اندراج کیلئے ہیلپ لائن نمبر 1334 مکمل طور پر فعال ہے۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ہیلپ لائن نمبر اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں سے آوارہ کتوں کی شکایات اور انکے ازالے کیلئے مسلسل 24 گھنٹے کام کر رہی ہے اور اسلام آباد میں آوارہ کتوں کیلئے ترامڑی میں واقع اسٹرے ڈاگ سینٹر کے ذریعے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے آوارہ کتوں کو پکڑنے، انکی نسبندی و حفاظتی ٹیکے لگانے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے ٹی این وی آر طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔ سی ڈی اے کے ریکارڈ کے مطابق جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران دارالحکومت کی مختلف مارکیٹوں، رہائشی سیکٹروں سمیت دیہی علاقوں سے سینکڑوں آوارہ کتوں کے واقعات پر کارروائی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ان علاقوں میں سیکٹر G-14، D-12، F-6، F-7، I-9، I-10، G-10، F-11 سمیت دیگر سیکٹرز شامل ہیں۔

اسی طرح سیدپور، مارگلہ ٹاؤن، بارہ کہو، ریڈ زون سمیت دیگر علاقوں سے موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے کو ممکن بنایا گیا۔ سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران دارالحکومت اسلام آباد سے ابتک 550 سے زائد آوارہ کتوں کو اسٹرے ڈاگ سینٹر میں منتقل کیا جاچکا ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے کو ہر حال میں ممکن بنایا جارہا ہے اور سٹرے ڈاگ سینٹر نہ صرف مکمل طور پر فعال بلکہ اور شکایات کو بھی باقاعدگی سے حل کیا جا رہا ہے۔

اس سلسلہ میں شہری آوارہ کتوں کے حوالے سے فوری کارروائی کیلئے 1334 ہیلپ لائن یا ڈی سی آفس پورٹل کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت اور انکو بہترین سہولیات کی فراہمی کو تسلسل کے ساتھ یقینی بنانا ہے۔