فیصل آباد پولیس نے ملزمان سے 08 کروڑ 4 لاکھ روپے کی ریکوری مالکان کے حوالے کردی

ہفتہ 27 ستمبر 2025 18:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) فیصل آباد پولیس نے ملزمان سے 08 کروڑ 4 لاکھ روپے کی ریکوری مالکان کے حوالے کردی۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسرفیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی پولیس لائنز میں منعقدہ تقریب میں ملزمان سے کی جانیوالی 08 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری مالکان کے حوالے کردی۔ سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے تقریب کے موقع پر میڈیا کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان سے بھاری مقدار میں برآمدگیاں کی ہیں۔

جس میں سے کچھ مالکان کو ریکوری دینے کے حوالے سے بلوایا گیا ہے جبکہ بقیہ مالکان کو متعلقہ تھانہ جات سے ریکوری ان کے سپرد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سی پی او نے بتایا کہ 08 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری مالکان کے حوالے کی جائے گی۔ ریکوری میں فارچونر مالیت 02 کروڈ روپے،203 موٹر سائیکلیں مالیت 02 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد، طلائی زیور، کورا کپڑا و نقدی تقریبا ً02 کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد ،05 کاریں مالیت 1 کروڑ سے زائد، مزدا مالیت 60 لاکھ روپے سے زائد ،56 موبائل فونز مالیت23 لاکھ روپےسے زائد، 8 رکشے مالیت 11 لاکھ سے زائد، مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ میں فیصل آباد پولیس نے جرائم کی روک تھام و انسداد کیلئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کرکے بہترین حکمت عملی اپنانے کا ثبوت دیا ۔ جرائم کی شرح میں نمایاں کمی بہترین قیادت، حکمت عملی ٹیم ورک کا نتیجہ اور منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جرائم کی روک تھام کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹس اور ہاٹ سپاٹ ایریاز پر گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا گیا ہےاور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کرکے آن لائن مانٹیرنگ کے نظام کو متعارف کرایا گیا تاکہ کار چوری و دیگر وارداتوں کا تدارک و انسداد کیا جا سکے ۔

فیصل آباد پولیس جس میں تھانہ جات کے ساتھ ڈولفن فورس، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ اور تمام شعبہ جات بھر پور طریقے سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں۔ قانون کی بالا دستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بھر پور ایکشن لیا جارہا ہے۔ مؤثر گشت، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے آپریشنز کے لیے نئی حکمت عملی سمیت تھانہ،سرکل اور ٹاؤن کی سطح پر مانیٹرنگ اور کریمینلز کے قلع قمع کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ کرائم کی شرح میں مزید کمی لائی جاسکے اور فیصل آباد کو کرائم فری سٹی بنایا جاسکے۔ پولیس کی خدمات کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون کی بھرپور ضرورت ہے۔ پولیس کا ہر جوان کرائم کا بہادری سے مقابلہ کرنے میں مصروف عمل ہے اور ہر شہری کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔