Live Updates

پنجاب میں سیلاب کے دوران حکومت نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا،ابتک دوہزارخاندانوں کو راشن دیا جا چکا ہے، رانا مشہود احمد

ہفتہ 27 ستمبر 2025 17:22

پنجاب میں سیلاب کے دوران حکومت نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا،ابتک دوہزارخاندانوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران حکومت نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا، فوری طور پر ریلیف کیمپس قائم کیے ، متاثرین کو کپڑے، رہائش، طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کیں، ابتک 2ہزار خاندانوں کو راشن دیا جا چکا ہے جبکہ مزید 2ہزار خاندانوں کو ریلیف دیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یوسی 100 شیراکوٹ میں ایکٹ انٹرنیشنل اور کارِ خیر فائونڈیشن کے اشتراک سے سیلاب متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لئے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروویژنل پروگرام ہیڈ ایکٹ انٹرنیشنل ذوالقرنین انصاری، شعیب حسن، بینش رشید، محمد اکبر، جاوید سرور بھٹی، یامین مغل، یاسر ، عمران شاہ، ایس قربان، سرفراز بھٹی، غلام عباس ،اکبر بھٹی، نثار اکبر بھٹی، سنی پرنس اور رمضان بھامبر سمیت دیگر سماجی رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرہ 700 گھروں کو کراکری بھی فراہم کرے گی تاکہ متاثرہ خاندان معمولاتِ زندگی کی جانب جلد لوٹ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے، دن رات یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی کو کوئی تکلیف نہ ہو، مکمل فہرستوں کی بنیاد پر مزید ریلیف تقسیم کیا جائے گا اور جو خاندان ابھی تک رہ گئے ہیں، انہیں بھی جلد از جلد راشن فراہم کیا جائے گا۔

رانا مشہود احمد نے اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی و معاشی معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کے عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت آج ایسے مضبوط ہاتھوں میں ہے جو عوام کے لیے کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما حافظ نعمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور کے جو علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے، وہاں ابتدائی دنوں میں ہی متاثرہ افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی کوششوں سے متاثرین کو بروقت اشیائے خورونوش، طبی سہولیات اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی گئیں، ہماری کوشش ہے کہ ہر متاثرہ گھر کو مکمل طور پر آباد ہونے تک مسلسل ریلیف فراہم کرتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی ایک مشن ہے جسے کامیابی تک پہنچانے کے لیے تمام ادارے اور قیادت مل کر کام کر رہے ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ یہ خاندان جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکیں اور اپنی زندگیوں کا نیا آغاز کریں۔ انہوں نے کہاکہ یہ تقریب متاثرین کے لیے امید اور حوصلے کا ذریعہ بنی جبکہ حکومتی و سماجی نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اس موقع پر ایک سو سے زائد متاثرہ خاندانوں کو آٹا، گھی، دالیں، صابن، چینی، چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ پر مشتمل راشن پیکج فراہم کیا گیا۔ ملک پارک، مہر خلیق اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں حکومت اور سماجی اداروں کی مدد حوصلہ افزا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات