یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے نویں انٹرنیشنل انڈسٹریل ایکسپو میں 30نئی ایجادات متعارف کرا دیں

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور نے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نویں انٹرنیشنل انڈسٹریل ایکسپو میں بھرپور شرکت کی اور ایک خصوصی سٹال کے ذریعے اپنے ہونہار طلبہ و طالبات کی شاندار ایجادات پیش کیں۔ اس موقع پر طلبہ کی جانب سے 30 سے زائد نئی ایجادات متعارف کروائی گئیں، جنہوں نے ان کی تحقیقی صلاحیتوں اور تخلیقی رجحان کو اجاگر کیا۔

پیش کی جانے والی نمایاں ایجادات میں حادثات سے بچانے والا سمارٹ ہیلمٹ سسٹم، سمارٹ ٹریفک لائٹ کنٹرول سسٹم، مصنوعی ذہانت پر مبنی زرعی بیماریوں کی تشخیص کا نظام، لنگز پمپنگ سسٹم اور فائر ڈیٹیکشن سسٹم شامل تھے، جو حقیقی مسائل کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کرنے کی عملی کوشش ہیں۔

(جاری ہے)

ایکسپو میں یونیورسٹی کا سٹال طلبہ، اساتذہ اور بین الاقوامی مندوبین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔

اس موقع پر جمہوریہ روانڈا کے سفیر نے بھی سٹال کا دورہ کیا اور طلبہ کی ایجادات کو سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی اس عالمی نمائش میں شمولیت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ طلبہ کی یہ ایجادات نہ صرف ان کی علمی قابلیت کی عکاس ہیں بلکہ یہ معاشرتی مسائل کو جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کرنے کے جذبے کو بھی نمایاں کرتی ہیں ہم پرعزم ہیں کہ اس طرح کے منصوبوں کو مزید فروغ دیا جائے جو تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہیں اور ہماری نوجوان نسل کے لیے قومی و بین الاقوامی سطح پر نئے مواقع پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی ایکسپو میں بھرپور شرکت نے اس کے اس ویژن کو اجاگر کیا جس کے تحت وہ تحقیق، جدت اور صنعت و تعلیم کے اشتراک کو فروغ دے کر پاکستان کی نالج اکانومی میں اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔