ی*شمالی وزیرستان، پولیس نے 2 کمسن بچیوں کو افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

کارروائی کے دوران مرکزی ملزم گرفتار، بچیوں کو بازیاب کرا لیا گیا،جرگے کے فیصلے پر بچیوں کو کم عمری میں شادی کے لیے افغانستان بھیجا جا رہا تھا

ہفتہ 27 ستمبر 2025 19:40

ق*شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء)پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو کمسن بچیوں کو افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ضلعی پولیس افسر وقار احمد (پی ایس پی) کے مطابق مصدقہ اطلاع پر غلام خان تحصیل کے علاقے دیوگر سیدگی میں کارروائی کی گئی، جہاں 12 اور 14 سالہ بچیوں کو طورخم بارڈر کے راستے افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ بچیوں کو ایک افغان شہری میاغر کے ذریعے اسمگل کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

تقریباً 15 سال قبل بچیوں کے والد نے افغانستان کے علاقے تانائی میں ایک خاتون سے شادی کی تھی، جس پر تنازع کھڑا ہوا۔ مقامی جرگے نے اس تنازع کے تصفیے کے لیے بچیوں کی کم عمری میں شادی افغانستان میں کرنے کا فیصلہ دیا تھا، جسے ورثا نے مجبوری میں تسلیم کرلیا تھا۔ بازیاب کرائی گئی دونوں بچیاں والد کی پہلی بیوی سے تعلق رکھتی ہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او وقار احمد نے کہا کہ بچوں اور خواتین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور غیر قانونی رسومات یا اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔