ناران،یونین کونسل مہانڈری میں مون سون سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:10

ناران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2025ء) ناران کی یونین کونسل مہانڈری میں مون سون سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے،خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے رکن منیر حسین لغمانی کی خصوصی ہدایات پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا انجینئرنگ ونگ یونین کونسل مہانڈری میں مون سون بارشوں سے بند ہونے والی رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے،شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثرہ بیلہ منور تا بیلہ بیہاڑی سڑک کو کے ڈی اے نے بھاری مشینری کے ذریعے کلیئر کر کے آمدورفت کے قابل بنا دیا ہے،حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید مون سون بارشوں کے نتیجے میں ناران کی یونین کونسل مہانڈری کی متعدد رابطہ سڑکیں مٹی کے تودوں اور سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو گئی تھیں جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا تھا،عوامی شکایات اور زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ایم پی اے منیر حسین لغمانی نے فوری طور پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی جس کے بعد کاغان ڈویلوپمنٹ اتھارٹی کے انجینئرنگ ونگ نے فیلڈ میں بھاری مشینری روانہ کی جس کی مدد سے پہلے بیلہ منور تا بیلہ بیہاڑی سڑک کو کلیئر کیا،اس کے علاوہ مقامی لوگوں کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے آب سیری منور لنک روڈ سے بھی مٹی کے تودے،پتھروں کی سلائیڈنگ اور دیگر رکاوٹیں ہٹانے کے لیے کے ڈی اے کی بھاری مشینری نے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انجینئرنگ ٹیموں کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کام کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عوام کی مشکلات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔