Live Updates

وزیر اعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیلئے تاریخ ساز پیکج کا اعلان کیا ہے‘سید عاشق حسین کرمانی

وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب کی زیرِ صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں اہم اجلاس

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2025ء)وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید،نوفل داؤد،حافظ عبدالرحمان،رانا محمود اختر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عصمت کاہلوں اور محکمہ زراعت توسیع کے ڈائریکٹرز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے دوسرے مرحلے کی ریکوری اور سیلاب متاثرین کی ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پروزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے فلڈ ریلیف کے لیے تاریخ ساز پیکج کا اعلان کیا ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف کے اقدامات میں محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز نے نہایت قابلِ ستائش کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ اب کاشتکار کی پہچان بن چکا ہے جو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مائیکروفنانس پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 160 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں پانچ لاکھ سے زائد کاشتکار اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ اس مرحلے کے دوران 96 ارب 54 کروڑ روپے کے بلاسود قرض کی منظوری دی گئی ہے اور کاشتکار اب تک 57 ارب 72 کروڑ روپے خرچ کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کسان کارڈ کے قرض کی ادائیگی کے لیے مہم 15 اکتوبر سے شروع ہوگی اور قرض کی فوری واپسی کرنے والے کاشتکاروں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات دیے جائیں گے۔ قرض کی مکمل واپسی پر کسان کارڈ ہولڈرز کو فوری طور پر اگلی فصل کی کاشت کے لیے رقم مہیا کر دی جائے گی جبکہ قرض کی واپسی کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی پر کاشتکاروں کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس مقصد کے لیے کاشتکاروں کو ادائیگی کی یاددہانی کے لیے ایس ایم ایس اور روبوٹ کالز بھی کی جائیں گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اجلاس میں کہا کہ کسان کارڈ کی ریکوری کے لیے محکمہ زراعت پنجاب اور بینک آف پنجاب کی فیلڈ ٹیمیں متحرک کردار ادا کریں گی اور اس ضمن میں قریبی روابط قائم رکھیں گی تاکہ کاشتکاروں کو قرض کی ادائیگی کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کی ریکوری کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پرصدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ کسان کارڈ کی ریکوری پر محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کو ریوارڈ بھی دیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات