متحدہ عرب امارات ، دبئی میں طالب علم کی ایمانداری، دو لاکھ درہم کا چیک اور رقم واپس کر دی

اتوار 28 ستمبر 2025 08:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات کے شہردبئی میں سیکنڈری سکول کے ایک طالب علم نے ایمانداری کی مثال قائم کردی، ملنے والا ایک پرس اس کے مالک کو واپس کردیا جس میں دو لاکھ درہم مالیت کا چیک اور نقد رقم موجود تھی۔دبئی پولیس نے طالب علم کے سکول کا دورہ کیا اورعیسیٰ عباس محمد عبداللہ کو اس کے کلاس فیلوز کے سامنے اعزاز اور خصوصی انعام سے نوازا۔

(جاری ہے)

القصیص پولیس سٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل احمد الھاشمی نے انتظامی امور شعبے کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل ناصر عبدالعزیز الخاجۃ کی موجود گی میں انعام دیا۔ایمانداری پر طالب علم کی تعریف کی اور بتایا کہ طالب علم نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پرس کو اس کے مالک تک بحفاظت واپس کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عیسیٰ عباس محمد عبداللہ کا یہ اقدام ایمانداری اور معاشرے کا ذمہ دار فرد ہونے کی ایک مثال ہے۔عیسی عباس نے دبئی پولیس جنرل کمانڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز میرے اور کلاس فیلوز کے لیے فخر کا باعث ہے۔