نارتھ کراچی میں پانی کامصنوعی بحران شدت اختیار کر گیا ،25روز سے پانی کی فراہمی معطل

پانی کی عدم دستیابی سے زندگی مفلوج ، گھریلو امور نمٹانا ناممکن ہے،مکینوں کی پانی فوری فراہم نہ کرنے کی صورت میں پانی بلوں کو جلانے اور احتجاج کی دھمکی

اتوار 28 ستمبر 2025 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) نارتھ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران شدت اختیار کر گیا ۔نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں سیکٹر ز2اور3،سیکٹر فائیو اے ون ،سیکٹر فائیو سی 4سمیت 50ہزار سے زاید نفوس پر مشتمل آبادی میں گذشتہ 25دن سے پانی کی فراہمی مکمل طورپر بند ہے جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ علاوہ مکینوں نے پانی کی فوری فراہمی نہ ہونے کی صورت میں پانی بلوں کو جلانے اور سڑکوں پر احتجاج کی دھمکی دیدی ہے ۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی کی عدم دستیابی نے روز مرہ زندگی مفلوج کر دی ہے اور گھریلو امور نمٹانا تقریبا ناممکن ہو گیا ہے۔مکینوں نے الزام عائد کیا کہ یہ صورتحال انتظامیہ کی غفلت اور مصنوعی بحران پیدا کرنے کے باعث ہوئی ہے ٹینکر مافیا کی اجارہ داری کے باعث شہریوں کو مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو وہ سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے اور حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر ہو گی۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ بار ہا شکایات کے باوجود واٹر حکام نے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے۔علاقہ مکینوں وزیر اعلی سندھ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر پانی کی سپلائی بحال کی جائے اور مصنوعی بحران پیدا کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔