ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر شہر قائد میں سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا

اتوار 28 ستمبر 2025 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر شہر قائد میں سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف سائیکلنگ کلبز اور درجنوں رائیڈرز نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کا آغاز صبح سات بجے آغا خان یونیورسٹی اسپورٹس سینٹر سے ہوا،شرکاء کارساز، شاہراہ فیصل اور میٹروپول کے راستوں سے گزرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئے۔

ریلی کا اختتام بوٹ بیسن پر ہوا، جہاں صبح آٹھ بج کر تیس منٹ پر شرکاء کیلئے ناشتے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ورلڈ ہارٹ ڈے کے حوالے سے منعقدہ اس ریلی میں ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر صولت فاطمی نے بھی شرکت کی۔اپنے خطاب میں انہوںنے کہاکہ سائیکلنگ دل کی صحت کے لیے نہایت مؤثر اور ضروری ورزش ہے۔ڈاکٹر صولت نے زور دیا کہ شہری اپنی روزمرہ زندگی میں واک اور سائیکلنگ جیسی سرگرمیوں کو شامل کریں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے بھی سائیکلنگ کو صحت کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹس نہ صرف فٹنس کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ ماحولیاتی بہتری اور پٴْرامن سماجی روابط کے قیام میں بھی معاون ہیں۔ریلی میں فری رائیڈرز، کریٹیکل ماس کراچی، ای سی کے او رائیڈرز، پی ای سی ایچ ایس رائیڈرز، جی جی رائیڈرز اور دیگر سائیکلنگ کلبز نے شرکت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیتے رہیں گے تاکہ دل کی بیماریوں اور دیگر امراض کے خلاف آگاہی پھیلائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :