جے ایس ایم یو میں سنڈیکیٹ انتخابات

ڈاکٹر ثریا ثروت اور ڈاکٹر محمد عمر سلطان جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے لیے منتخب

اتوار 28 ستمبر 2025 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2025ء) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (JSMU) کے ڈاکٹر ثریا ثروت اور ڈاکٹر محمد عمر سلطان بالترتیب ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کی نمائندگی کے لیے یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے رکن منتخب ہو گئے ہیں۔سنڈیکیٹ کے انتخابات 27 ستمبر 2025 کو شفاف اور منظم انداز میں پروفیسر ہما علی، پرنسپل انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز (IPS-JSMU) کی نگرانی میں چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے منعقد ہوئے۔

JSMU ایکٹ 2013 کے مطابق، سنڈیکیٹ کی دو نشستوں پر مقابلہ ہوا ایک ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور ایک اسسٹنٹ پروفیسرز کی کیٹیگری کے لیے۔ ہر کیٹیگری سے دو، یعنی کل چار امیدوار ان نشستوں کے لیے مدمقابل تھے۔150 رجسٹرڈ اسسٹنٹ پروفیسر ووٹرز میں سے 121 نے ووٹ کاسٹ کیے، جن میں سے 4 ووٹ کالعدم قرار پائے۔

(جاری ہے)

60 رجسٹرڈ ایسوسی ایٹ پروفیسر ووٹرز میں سے 50 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے 1 ووٹ کالعدم قرار پایا۔

پروفیسر ڈاکٹر صدف حمید نے ریٹرننگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں، ڈاکٹر کرن قدیر پریزائیڈنگ آفیسر رہیں، جبکہ محترمہ یاسمین زوار پولنگ آفیسر تھیں۔ شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لیے امیدواروں کے چار پولنگ ایجنٹس بھی موجود تھے۔ انتخابی عمل کی مجموعی نگرانی رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے کی۔حتمی نتائج کے مطابق، اسسٹنٹ پروفیسر کیٹیگری میں ڈاکٹر محمد عمر سلطان نے 64 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ ڈاکٹر علی نواز بیجرانی نے 53 ووٹ حاصل کیے۔

ایسوسی ایٹ پروفیسر کیٹیگری میں ڈاکٹر ثریا ثروت نے 28 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ ڈاکٹر پرویز علی نے 21 ووٹ حاصل کیے۔ نتائج کی باضابطہ تصدیق چیف الیکشن کمشنر پروفیسر ہما علی نے کی۔وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن نے نو منتخب ارکان کو مبارکباد دی اور سنڈیکیٹ میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کی شمولیت یونیورسٹی کی گورننس اور تعلیمی معیار کو مزید مضبوط کرے گی۔