خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، ملاوٹ شدہ گڑ، غیر معیاری مشروبات اور مضر صحت قیمہ برآمد، گودام سیل

اتوار 28 ستمبر 2025 21:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مردان، ہنگو اور سوات میں گزشتہ روز مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش برآمد کرلیں۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل واصف سعید کی نگرانی میں مردان فوڈ سیفٹی ٹیم نے عوامی شکایات پر نستہ روڈ پر گڑ گھانیوں پر چھاپے مارے، جہاں ایک پروڈکشن یونٹ سے چینی اور تقریباً 900 کلوگرام ملاوٹ شدہ گڑ برآمد کرلیا گیا۔

اسی طرح ضلع ہنگو میں کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے انسپکشن کے دوران ایک ڈسٹریبیوشن پوائنٹ سے تقریباً ایک ہزار لیٹر غیر معیاری مشروبات ضبط کرلئے ۔ ایک اور کارروائی میں سوات کے علاقے خوازہ خیلہ میں دوگوداموں سے 260 کلو خراب اور غیر معیاری قیمہ برآمد کرکے تلف کردیا جبکہ گوداموں کو سیل کرکے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے ملاوٹ مافیا جیسے عناصر یا تو اپنا قبلہ درست کریں یا سخت قانونی کارروائی کے لیے تیار ہوجائیں۔

متعلقہ عنوان :