نیٹو کو ٹوماہاک میزائل کی فراہمی کا امکان تلاش کر رہے ہیں، جے ڈی وینس

پیر 29 ستمبر 2025 09:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اعلان کیا کہ ان کی انتظامیہ نیٹو ممالک کو ٹوما ہاک کروز میزائل کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ بعد میں کیف کو ترسیل کی جا سکے۔العربیہ کے مطابق انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا کہ حتمی فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر منحصر ہے۔ایک انٹرویو میں جے ڈی وینس نے ان میزائلوں کی فراہمی کے امکان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ ٹوماہاک کے بارے میں پوچھ رہے ہیں ، اس پر حتمی فیصلہ صدر پر منحصر ہے۔

صدر وہی کریں گے جو امریکہ کے بہترین مفاد میں ہو گا۔ ان کی خارجہ اور دفاعی پالیسی کے فیصلوں کے پیچھے یہی ایک محرک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ٹام ہاک میزائل کے حوالے سے اس سوال کا جواب دینے کے لیے وہی منطق لاگو کریں گے، ہم اسے صدر پر چھوڑ دیں گے لیکن میں جانتا ہوں کہ ہم ابھی اس پر بات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا انہوں نے ٹرمپ سے ٹوماہاک میزائل کی درخواست کی تھی۔

جب ان سے اس معاملے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کر سکتا کیونکہ یہ بہت حساس موضوع ہے۔ یوکرین میں ماسکو کے فوجی تسلط پر طویل عرصے تک زور دینے کے بعد امریکی صدر نے گزشتہ منگل کو اچانک اپنی پوزیشن تبدیل کر لی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کیف روس سے اپنا تمام علاقہ واپس لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔